واشنگٹن،23جون(آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے دورہ امریکا کے دوران سماجی رابطے کی مقبول ویب سائیٹ فیس بک کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور فیس بک کے بانی سربراہ مارک زکربرگ سے بھی ملاقات کی۔امریکی دورے کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان نے اب تک جن اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں ان میں صدر باراک اوباما سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، سعودی عرب میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔نائب ولی عہد نے ریاست کیلیفورنیا میں واقع ’سیلیکون ویلی‘کا بھی دورہ کیا اور امریکا کی کئی سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات میں سعودی ویژن 2030ء پر انہیں بریفنگ دی گئی۔ اپنے دورہ امریکا کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکا کی دیرینہ فرموں سیسکو،اوبر ،6 فلیگز،3ایم،فائزر،ڈاؤ کیمیکل،سی ورلڈ،مائیکرو سافٹ اور فیس بک کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔امریکی سرمایہ کار کمپنیوں کے ہیڈ کوارٹرز دوروں اور ان کے سربراہان سے ملاقاتوں کا مقصد انہیں سعودی ویژن 2030ء کے حوالے سے مطلع کرتے ہوئے انہیں سعودی عرب میں سرمایہ کاری کی دعوت دینا تھا۔ اپنے دورہ امریکا کے دوران نائب ولی عہد نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ، لوک ہیڈ مارٹن اور ریتھون انٹرنیشنل کی قیادت سے بھی علاحدہ علاحدہ ملاقات کی۔